کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے ماضی کے مقبول اداکار و گلوکار ببرک شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ کی جانب سے بھارت منتقل ہونے کی پیشکش ہوئی تھی، جسے انہوں نے مختلف وجوہات کی بنا پر مسترد کر دیا۔
ببرک شاہ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہو کر بتایا کہ 2006 میں انہیں بالی ووڈ سے آفر ملی تھی، لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ ان کے مطابق، “پاکستانی اداکار معمر رانا کے بعد میں بھی بھارت کے کام کے لیے گیا تھا۔ وہاں کے آرٹسٹوں، ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور کیمرہ مینوں نے کہا کہ آپ یہاں رک جائیں، آپ باصلاحیت اداکار ہیں، ہم آپ کو سٹار بنا دیں گے، آپ کو فلموں میں بطور ہیرو کاسٹ کیا جائے گا۔”
ببرک شاہ نے بھارت منتقل نہ ہونے کی چند وجوہات بھی بیان کیں۔ ان کے مطابق، “میں نے محسوس کیا کہ بھارت میں رہنا میرے لیے مشکل ہے کیونکہ بھارت کو دنیا کے گندے ممالک میں دوسرے نمبر پر رکھا جاتا ہے۔ وہاں مسلمانوں کے حلال کھانے کی دستیابی بھی ایک مسئلہ ہے، اور بھارت میں ہونے والے فسادات اور امن کی کمی بھی تشویش کا باعث تھی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، اور وہاں شادی یا مکان خریدنے کی اجازت بھی نہیں ملتی۔ ببرک شاہ نے گلوکار عدنان سمیع کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ “عدنان سمیع کو بھارت میں جو کچھ بھی ملا وہ برٹش پاسپورٹ پر ملا، کیونکہ بھارت پاکستانی پاسپورٹ پر پاسپورٹ جاری نہیں کرتا۔”
یہ انکشافات ببرک شاہ کی جانب سے بھارت میں کام کرنے کے امکانات اور مشکلات پر روشنی ڈالتے ہیں۔