کراچی (خصوصی رپورٹ) کراچی والوں کے لیے ایک اور مشکل، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے سیوریج اور پانی کے نرخوں میں مجموعی طور پر 23 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ سیوریج بلوں میں 14 فیصد اور پانی کے نرخوں میں 9 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ عوامی ردعمل سے بچنے کے لیے اس اضافے کو خفیہ رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، واٹر بورڈ کا پانچواں اجلاس میئر کراچی و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت چیئرمین سیکرٹریٹ کارساز میں ہوا۔ اجلاس میں سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد، ڈاکٹر سروش ایچ لودھی، عبدالکبیر قاضی اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
“جنگ” کے مطابق، اجلاس کے دوران اراکین نے واٹر کارپوریشن کو ایکٹ میں دیے گئے اختیارات کے تحت انتظامیہ کی نگرانی اور کراچی کی عوام کو مؤثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی، واٹر کارپوریشن کی آمدنی میں اضافے پر زور دیا گیا۔