وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان نومبر 2023 میں طے پانے والے 10 بلین ڈالر کے سات معاہدوں پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
وہ پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو وزیراعظم سے ملاقات کی اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم کے دفتر کی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے فوڈ سیکیورٹی، ٹیکنالوجی، ہائیڈل پاور، کان کنی اور معدنیات، پانی کی فراہمی اور مینگروو کی بحالی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے سات معاہدوں پر دستخط کیے ہیں
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تاریخی اور گہرے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سمیت کویتی قیادت کا اپنے دوبارہ انتخاب پر نیک تمناؤں اور مبارکبادوں پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز نے تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
کویتی سفیر نے مشکل وقت میں کویت کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
سفیر نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرنے کے لیے کویت کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔