بھارتی میڈیا کے مطابق، پاکستان کے مشہور ڈرامے ”ہمسفر“ کو بھارت میں تھیٹر کے طور پر پیش کیے جانے پر کام جاری ہے اور جلد ہی اس کی تصدیق کی جائے گی۔
نشریاتی ادارے ’ٹائمز ناؤ‘ نے بتایا کہ بھارتی تھیٹر اور فلم اداکار عمران زاہد نے پاکستانی ٹی وی چینل ’ہم ٹی وی‘ کے منتظمین سے رابطہ کیا ہے تاکہ ڈرامے کا تھیٹر بنایا جا سکے۔
عمران زاہد نے کہا کہ انہوں نے مومنہ درید پروڈکشن کی بانی مومنہ درید سے قانونی اجازت طلب کی ہے، اور انہوں نے مثبت جواب دیا ہے۔ مذاکرات اچھے ماحول میں جاری ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سلطانہ صدیقی نے بھی اس معاملے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور امن و بھلائ کے لیے اس منصوبے کی حمایت کی ہے۔
عمران زاہد نے کہا کہ تھیٹر کی قانونی اجازت ملنے کے بعد اس پر کام شروع ہوگا اور اس میں شامل اداکار رضاکارانہ طور پر بغیر معاوضے کے کام کریں گے، کیونکہ تھیٹر کا مقصد پیسہ کمانا نہیں ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی اس منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی، مگر یہ واضح نہیں کیا کہ کب تک ”ہمسفر“ کا تھیٹر بھارت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
”ہمسفر“، جو 2011 میں نشر ہوا تھا اور جس میں ماہرہ خان اور فواد خان نے کردار ادا کیے تھے، اب 13 سال بعد تھیٹر کی شکل میں بھارت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
اس ڈرامے کو بھارت میں یوٹیوب چینل اور دیگر اسٹریمنگ ویب سائٹس پر دیکھا جا چکا ہے اور اس کی کہانی اور کرداروں کی تعریف کی جا چکی ہے۔
فواد خان اور ماہرہ خان بھارت میں بھی مقبول ہیں اور دونوں نے بھارتی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔