گوگل نے پاکستان میں 50 کے قریب سمارٹ سکول قائم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اِن سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کو آن لائن تعلیم کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔ سمارٹ سکولوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان بہتر روابط قائم کرنے اور اُن کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل ٹولز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔اس حوالے سے وزارت تعلیم کے سیکریٹری محی الدین احمد وانی کا کہنا تھا کہ گوگل سمارٹ سکول کے حوالے سے اساتذہ کی ٹریننگ کے لیے خصوصی ورک شاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔
گوگل فار ایجوکیشن ٹیم وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر اس منصوبے پر عمل درآمد کروائے گی۔گوگل فار ایجوکیشن کے جدید طریقوں پر اساتذہ اور طلبہ کو کلاسز دی جائیں گی۔وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ مذکورہ سکول میں طالبات کو آن لائن تعلیم حاصل کرنے کے طریقوں سے روشناس کرایا جائے گا۔
اس کے بعد اِن سمارٹ سکولوں کا دائرہ کار اسلام آباد کے دیگر سکولوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔ سیکریٹری وزارت تعلیم کے مطابق یہ گوگل سمارٹ سکول پاکستان میں گوگل فار ایجوکیشن ٹریننگ کا مرکز ہو گا جس کے بعد ایسے دوسرے سکول بھی کھولے جائیں گے۔