اڈیالہ جیل میں قید بانی تحریک انصاف عمران خان سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ملاقات کے بعد پی ٹی آئی نے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کی رکنیت معطل کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے گزشتہ روز عمران خان سے جیل میں ملاقات کی جہاں شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت معطل کرنے سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔یاد رہے کہ شیر افضل مروت 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ہی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شیر افضل مروت مسلسل پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، گزشتہ ایک ماہ کے دوران انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کئی بیانات دیے ہیں اور ایک بیان میں انہوں نے مبینہ طور پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بارے میں تضحیک آمیز تبصرہ بھی کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ کوئی بھی رہنما پارٹی سے بالاتر نہیں ہے، اگر کسی اور پارٹی رہنما نے پارٹی لائن سے تجاوز کیا تو اُن کا بھی یہی انجام ہوگا