پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کیلئے اہم قانونی ضرورت پوری کردی گئی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے غیرمعمولی اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی منصوبے کی توثیق کردی۔
ذرائع کے مطابق نجکاری کے معاملے پر پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکا غیرمعمولی اجلاس ہواجو اسلام آباد میں 4 گھنٹے تک جاری رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نجکاری کیلئے مالیاتی مشیر ارنسٹ ینگ کمپنی کی تیارکردہ رپورٹ پربریفنگ دی گئی۔
ذرائع نے بتایاکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی منصوبےکی توثیق کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی آئی اے ملازمین کے مستقبل سے متعلق بھی تجاویزپرغور کیا گیا اور جن ملازمین کی سروس 4 سال رہ گئی انہیں ریٹائر کرنے کی بھی تجویز زیر غور آئی۔
ذرائع کے مطابق نجکاری سےقبل رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی تجویزپر بھی غورکیاگیا۔
پی آئی اے بورڈ اکتوبر 2023 سے غیرفعال تھا۔ وفاقی کابینہ نےپی آئی اےکےنئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری چند روز قبل دی تھی۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے قوانین کے تحت پی آئی اے کے اہم فیصلوں سے متعلق بورڈ سے منظوری لازمی ہے۔
پی آئی اے کی نجکاری کی اہم قانونی ضرورت پوری، بورڈ نے حکومتی منصوبے کی توثیق کردی۔