پرتگال اور اسپین کا آسمان چمکتی ہوئی تیز نیلی اور ہری روشنی سے جگمگا اٹھا جسے دیکھنے والے حیران رہ گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں پرتگال اور اسپین میں آسمان سے زمین کی طرف آتے شہاب ثاقب کا حیرت انگیز منظر دیکھا گیا جو خوش قسمتی سے بہت سے کیمروں میں ریکارڈ ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر شہاب ثاقب کی زمین کی طرف آتے اور آسمان کا رنگ تبدیل ہونے کی ویڈیو کافی وائرل ہورہی ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا کررہی ہے۔
شہاب ثاقب کی رفتار کیا تھی؟
غیرملکی میڈیا کے مطابق یورپی خلائی ایجنسی کی جانب سے پرتگال اور اسپین کے آسمان پر شہاب ثاقب نظر آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ شہاب ثاقب دومکیت کا ایک چھوٹا ٹکڑا تھا۔
یورپی ایجنسی نے مزید بتایا کہ شہاب ثاقب کی رفتار 45 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جو ممکنہ طور پر بحر اوقیانوس کے اوپر زمین سے تقریباً 60 کلومیٹر کی بلندی پر جل گیا۔
شہاب ثاقب کے جلنے سے آسمان نیلا ہرا کیوں ہوا؟
شہاب ثاقب کے رنگ کیمیائی ساخت کی جانب اشارہ دیتے ہیں، ویڈیو میں نظر آنے والی نیلی ہری روشنی کا مطلب شہاب ثاقب کا میگنیشم سے جلنا ہے۔