MY HOME PAKISTAN
Home

سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو بچانے والے ڈرائیور کو 25 لاکھ روپے انعام

By

Sep 4, 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر بچانے والے ایکسکویٹر ڈرائیور محب اللہ کو 25 لاکھ روپے بطور انعام دیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق، شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس پر محب اللہ کو خوش آمدید کہا اور ان کے انسانیت کے لیے جان کی بازی لگا دینے کے جذبے کو سراہا۔

اگست میں، دریائے کولک میں سیلابی ریلے میں پھنسے ایک گاڑی کو محب اللہ نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر بچایا تھا۔ اس گاڑی میں سات افراد سوار تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مشکل حالات میں جان جوکھوں میں ڈال کر انسانی جانیں بچانا ایک بڑی بہادری ہے، اور پوری قوم کو محب اللہ پر فخر ہے۔

اس موقع پر، شہباز شریف نے محب اللہ کو 25 لاکھ روپے انعام دیا اور ان کے بچوں کے لیے یونیورسٹی تک مفت تعلیم اور ان کے خاندان کے لیے مفت صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قوم آپ پر فخر کرتی ہے اور آپ کے انسانیت سے محبت کے جذبے کی دل سے قدر کرتی ہے۔ انہوں نے محب اللہ کو قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے قیمتی انسانی جانیں بچائیں اور یہ کام بہادری کی علامت ہے۔

محب اللہ نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران کہا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وزیراعظم نے انہیں سراہا اور پورے ملک میں ان کی کہانی مشہور ہوئی۔ انہوں نے وزیراعظم اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور وزیرِ اعظم ہاؤس میں دی گئی عزت افزائی پر تہہ دل سے تشکر کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیرِ اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Privious Article

Compare