کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے پاکستانیوں کو خبردار کیا کہ یو اے ای میں رہ کر پاکستان اور اس کے اداروں یا سیاستدانوں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے سے ہرگز باز رہیں۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے مکین یا وزٹ پر گئے پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا دیکھنے میں آیا جس پر ان میں سے بڑی تعداد کو گرفتار کیا گیا اور کئی کو 14 سے 15 سال کی سزائیں ہوئیں۔ قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ اس جرم میں 5 سے زائد پاکستانیوں کو عمر قید جیسی سزائیں ہوئیں، بیشتر کو ملک سے بے دخل بھی کر دیا گیا اور ایسے پاکستانی تا حیات یو اے ای سمیت خلیجی ممالک کے ویزوں کے حصول میں ناکام رہیں گے، وہ خلیجی ممالک بھی نہیں جا سکیں گے۔ بخیت عتیق الرومیتی نے پاکستانیوں کو خبردار کیا کہ وہ یو اے ای یا خلیجی ممالک میں رہتے ہوئے ہوشیار رہیں، کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور سوشل میڈیا پر اپنے ملک کے خلاف کوئی پروپیگنڈا نہ کریں، نہ ہی کسی منفی پروپیگنڈے کو اپنے پیجز پر شیئر کریں اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو ان کے خلاف قوانین کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای میں مقیم کوئی پاکستانی اگر فیس بک یا دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر منفی پوسٹ کو شیئر یا لائیک بھی کرتا ہے تو یو اے ای میں رہتے ہوئے اس کا پیج بھی بند کر دیا جائے گا۔بخیت عتیق الرومیتی کے مطابق پاکستان میں ایسے پروپیگنڈے میں ملوث شہریوں کو بھی ویزوں کے حصول میں چھان بین کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔