پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بجلی کے بل کی خاطر بھائی نے بھائی کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔ یہ افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے پرنس روڈ میں پیش آیا، دونوں مزدور بھائی ایک ہی مکان میں رہائش پذیر تھے جبکہ بجلی کا بل 30 ہزار روپے آیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بڑے بھائی نے بل کی آدھی رقم مانگی تو چھوٹے نے کہا پیسے نہیں ہیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا، مقتول کی شناخت عمر فاروق کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھائی کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے والے ملزم مرتضیٰ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فیصل آباد میں بجلی کے بل کی ادائیگی پر جھگڑے کے دوران چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو چھری کے وار کرکے قتل کردیا تھا.پولیس کا کہنا تھا کہ کھرڑیانوالا کے رہائشی محمد قیس کے گھرکا بجلی کا بل آیا تو اس نے ادائیگی کے لیے ساتھ رہنے والے چھوٹے بھائی سے پیسے طلب کیے تھے، جھگڑے کے دوران طیش میں آکر چھوٹے بھائی غلام فرید نے چھری کے وار کرکے بڑے بھائی کو قتل
کیا۔ پولیس کا بتانا تھا کہ گھر کا مشترکہ میٹر تھا، دونوں بھائی آدھی آدھی بل کی رقم ادا کرتے تھے، مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔