اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا بطور سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے۔
عمر ایوب نے اپنے استعفیٰ کی منظوری پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی، عمران خان، کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کا استعفیٰ قبول کیا۔ عمر ایوب نے بتایا کہ انہوں نے اس سے پہلے 22 جون کو بھی استعفیٰ دیا تھا، مگر وہ منظور نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر ہونے، کیس بھگتنے، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی ہونے اور آئینی معاملات کو اکٹھے دیکھنے کے باعث ان کے ورک لوڈ میں اضافہ ہوا تھا۔ عمر ایوب نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے ایک فعال کارکن کے طور پر اور عمران خان کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔