پاکستان ویمنز ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کے اپنے پہلے میچ میں ایشین چیمپئن سری لنکا کو 31 رنز سے ہرا کر شاندار آغاز کیا۔
متحدہ عرب امارات میں جاری اس ایونٹ میں گروپ اے کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ شارجہ میں کھیلے گئے اس میچ میں گرین شرٹس نے 20 اوورز میں 116 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی کپتان فاطمہ ثناء نے 30 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور کیا، جبکہ ندا ڈار نے 23 رنز بنائے۔
117 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دی اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 85 رنز بنا سکی۔