گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح 14 اگست کو متوقع
عالمی پروازیں، ملکی سیاحت اور تجارت کو فروغ
دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے لینڈ اور ٹیک آف کر سکیں گے
گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعمیر کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور اس کا افتتاح 14 اگست کو متوقع ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق افتتاح کے بعد گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قومی اور بین الاقوامی پروازوں کا آغاز جلد کر دیا جائے گا۔ گوادر ایئرپورٹ عالمی معیار کا تمام جدید سہولیات سے آراستہ منصوبہ ہے اور یہ بلوچستان کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا.سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ گوادر ایئرپورٹ مسافت کو کم کرے گا اور سفر کو محفوظ اور تیز بنائے گا اور اس سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ذرائع نے کہا کہ گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو گوادر کی طرف راغب کرے گا۔گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ گوادر شہر سے 26 کلومیٹرکے فاصلے پر بن رہا ہے۔ 4 ہزار 300 ایکڑ رقبے پر محیط اس ایئرپورٹ کے رن وے کی لمبائی 2 ہزار میٹر رکھی گئی۔گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے ایئربس اے 380 بھی لینڈ اور ٹیک آف کر سکیں گے۔اس طرح یہ پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حیثیت ستمبر میں حاصل کر لے گا جہاں 600مسافروں کو لیکر محو پرواز ہونے کی صلاحیت رکھنے والا اے 380طیارہ لینڈ اور ٹیک آف کر سکے گا۔