راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش سے شرمناک شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں دو درجے کمی واقع ہوئی ہے۔
گزشتہ روز بنگلہ دیش نے پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی 23 سالہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی۔ اس شکست نے نہ صرف پاکستان کی عزت پر دھبہ ڈالا بلکہ قومی ٹیم کی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو بھی شدید دھچکا پہنچایا۔
پاکستان کی اس بدترین پرفارمنس کے نتیجے میں، ٹیم 12 قیمتی پوائنٹس سے محروم ہوگئی اور رینکنگ میں دو درجے تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر آ گئی ہے، جہاں وہ صرف ویسٹ انڈیز سے ہی اوپر ہے۔ دوسری جانب، بنگلہ دیش، جو پہلے آٹھویں نمبر پر تھا، اس فتح کے بعد 12 پوائنٹس حاصل کرکے چھٹے نمبر پر براجمان ہو گیا ہے۔
پاکستان اس وقت چھٹے نمبر پر تھا اور بنگلہ دیش کے خلاف وائٹ واش کی صورت میں تیسرے نمبر پر آ سکتا تھا۔ مگر اب، قومی ٹیم کو سیریز بچانے کی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔