MY HOME PAKISTAN
Home

مونال انتظامیہ نے ریسٹورنٹ مکمل بند کرنے کا اعلان کردیا

By

Aug 9, 2024

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم مونال ریسٹورنٹ بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں مونال اسلام آباد 11 ستمبر 2024ء کو بند کردیا جائے گا۔ اس حوالے سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مونال انتظامیہ نے اپنے صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ 2006ء کے بعد سے مونال کے لیے پاکستان اور اس کے خوبصورت لوگوں کی ایک مثبت تصویر پیش کرنا بے حد خوشی کی بات ہے، ہم اپنے قابل قدر صارفین کے اعتماد پر ان کے شکر گزار ہیں کیوں کہ ہمیں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق آپ کی خدمت کا موقع ملا، جس کے ذریعے ہمیں پہچان، تعریف اور اپنے دل میں جگہ دینے کے لیے ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، یہ سفر ہم سے وابستہ ٹیم کے لیے کامیابی کی کہانیوں اور جذبات سے بھرا ہوا تھا لیکن اب الوداع کہنے کا وقت ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ اپنے ایک حالیہ فیصلے میں سپریم کورٹ نے مونال سمیت نیشنل پارک میں قائم تمام ریسٹورنٹس بند کرنے کا حکم دیا تھا، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’نیشنل پارک میں کمرشل سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس لیے نیشنل پارک میں قائم ریسٹورنٹس 3 ماہ میں مکمل ختم کیے جائیں، نیشنل پارک سے باہر کہیں بھی لیز مقصود ہو تو متاثرہ ریسٹورنٹس کو ترجیح دی جائے‘۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مونال انتظامیہ سے استفسار کیا کہ ’نیشنل پارک ایریا میں قائم دیگر تمام ریسٹورنٹس کو بھی 3 ماہ میں منتقلی کی ہدایت دی گئی، آپ ہمیں بتائیں کب تک ریسٹورنٹ منتقل کرسکتے ہیں؟ اگر آپ رضاکارانہ طور پر منتقل نہیں کریں گے تو ہم سیل کرنے کا حکم دیدیں گے‘، اس کے جواب میں انتظامیہ نے رضاکارانہ طور پر ریسٹورنٹ منتقل کرنے کی یقین دہانی کروائی، مونال ریسٹورنٹس کے وکیل نے کہا کہ ’ہمیں 4 ماہ کا وقت دے دیں‘، جس پر چیف جسٹس نےکہا کہ ’3 ماہ کا وقت دے رہے ہیں‘۔

Privious Article

Compare