معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کا استقبال اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری سید ڈاکٹر عطاالرحمان اور پارلیمانی سیکرٹری شمشیر علی مزاری نے کیا۔
ڈاکٹر نائیک، جو حکومت پاکستان کی دعوت پر آئے ہیں، کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے اور اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ شیڈول کے مطابق، ڈاکٹر نائیک 5-6 اکتوبر کو کراچی، 12-13 اکتوبر کو لاہور، اور 19-20 اکتوبر کو اسلام آباد میں تقاریر کریں گے۔ ان کے خطابات مذہبی ٹی وی چینل پیس ٹی وی سے براہ راست نشر کیے جائیں گے۔