پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں ممکنہ فوجی تحویل اور ملٹری کورٹ ٹرائل کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
عمران خان نے وکیل عزیر کرامت بھنڈاری کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں سیکریٹری قانون، سیکریٹری داخلہ، اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد، آئی جی پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے، اور آئی جی جیل خانہ جات بھی فریق ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو فوجی تحویل میں دینے سے روکا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہ سویلین عدالتوں اور سویلین تحویل میں رہیں۔
واضح رہے کہ 19 اگست کو عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی تمام کوششیں انہیں ملٹری کورٹ میں لے جانے کے لیے ہیں اور انہیں ملٹری کورٹ کا سامنا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات جنرل فیض کو ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جبکہ باقی مقدمات پہلے ہی خارج ہو چکے ہیں۔