کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بجلی بلوں میں حالیہ اضافے اور پنجاب میں قیمتوں میں کمی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے بھائی نے بجلی کے بل پورے ملک میں بڑھائے، جبکہ بڑے بھائی نے پنجاب کے لیے انہیں کم کردیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے مریم نواز کی تقریر پر افسوس کا اظہار کیا اور صرف پنجاب میں بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے فیصلے پر نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں دو ماہ کے لیے بجلی سستی کرنا کوئی بڑا وژن نہیں ہے؛ عوام کو مستقل ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سعید غنی نے سوال کیا کہ دو ماہ کی کمی کے بعد کیا ہوگا؟ ان کے مطابق، پلاننگ صرف دو ماہ کے لیے نہیں، بلکہ طویل مدتی ہونی چاہیے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بجلی کے بل پیپلز پارٹی نے نہیں بڑھائے، اور پارٹی کبھی بھی تنقید برائے تنقید نہیں کرتی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بل پورے ملک کے لیے بڑھائے تھے۔