پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے اعلان کیا ہے کہ شاہین آفریدی کو دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ گلیسپی نے وضاحت کی کہ شاہین آفریدی حال ہی میں والد بنے ہیں، اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار سکیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران، گلیسپی نے بتایا کہ فاسٹ بولر عامر جمال فٹنس کلیئرنس حاصل نہیں کر پائے، جس کی وجہ سے میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ابرار احمد کو بھی 12 رکنی اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا، جو کنڈیشنز کی بنیاد پر ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم کو اچھے فیصلے کرنے ہوں گے اور پاکستان کو کم بیک کرنا ہوگا۔ 12 رکنی اسکواڈ میں بابراعظم، صائم ایوب، میر حمزہ، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، خرم شہزاد، شان مسعود، مسعود شکیل، ابرار احمد، محمد علی، اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔
گلیسپی نے مزید کہا کہ آج پچ کا معائنہ نہیں کیا گیا، لیکن کل صبح کنڈیشنز کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کو آسٹریلیا کی طرح کھیلنے کی ضرورت نہیں ہے۔