دنیا کی معمر ترین شخصیت جاپانی خاتون کی لمبی عمر کا راز کیا ہے؟
ٹوکیو (ڈیلی پاکستان آن لائن) — 100 سال کی عمر تک کوہ پیمائی کرنے والی جاپانی خاتون، ٹومیکو اٹوکا، اب دنیا کی معمر ترین شخصیت بن گئی ہیں۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انہیں زندہ سب سے معمر شخصیت کا اعزاز دیا ہے، جو ان کی 116 سال کی عمر کے باعث ممکن ہوا۔ انہیں یہ اعزاز اس وقت ملا جب سپین کی ماریا برینیاس موریرا 19 اگست کو 117 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
ٹومیکو اٹوکا 23 مئی 1908 کو پیدا ہوئیں اور 20 سال کی عمر میں شادی کر کے 4 بچوں کی پرورش کی۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران، انہوں نے جنوبی کوریا میں اپنے شوہر کی ٹیکسٹائل فیکٹری کا انتظام سنبھالا۔ شوہر کی موت کے بعد، وہ مغربی جاپان کے نارا پریفیکچر میں تنہا مقیم رہیں، جہاں انہوں نے کوہ پیمائی کا شوق اپنایا اور ماﺅنٹ Ontake اور ماﺅنٹ Nijo کو دو بار سر کیا۔ 100 سال کی عمر میں انہوں نے بغیر چھڑی کے Ashiya Shrine کے زینوں پر چڑھنے میں کامیابی حاصل کی۔
ٹومیکو اٹوکا 2019 میں نرسنگ ہوم منتقل ہوئیں، اور حالیہ برسوں میں وہیل چیئر پر انحصار کرتی ہیں، مگر دسمبر 2023 میں جاپان کی معمر ترین شخصیت بن گئیں۔ مئی 2024 میں ان کی 116 ویں سالگرہ منائی گئی، اور وہ تاریخ کی 30 ویں شخصیت ہیں جو اس عمر تک پہنچی ہیں۔
ٹومیکو نے اپنی لمبی عمر کا راز جسمانی سرگرمیوں کو قرار دیا ہے۔ بچپن میں والی بال کھیلنے سے لے کر بڑھاپے میں کوہ پیمائی تک، انہوں نے اپنی زندگی بھر جسمانی سرگرمیوں کو اہمیت دی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے عمر میں کمی آتی ہے اور کینسر، فالج، دل کی بیماریوں، ذیابیطس، اور ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ جسمانی سرگرمیاں ڈپریشن سے بچنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں اور مسلز کا حجم بھی مستحکم رہتا ہے۔