ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن): بالی وڈ کے اداکاروں کے معاوضے جہاں لاکھوں کروڑوں میں ہوتے ہیں، وہیں کچھ اداکار اپنی کمائی کا بڑا حصہ خیرات میں بھی دیتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، بالی وڈ کے بڑے نام مختلف تنظیموں کے ساتھ مل کر لوگوں کی مدد کرتے ہیں، چاہے وہ تعلیم ہو، بیماری ہو، یا کوئی اور مدد کی ضرورت ہو۔
سلمان خان، جو ‘ہیومن بینگ’ نامی اپنی تنظیم کے ذریعے مدد فراہم کرتے ہیں، اور عامر خان، اکشے کمار، اور امیتابھ بچن بھی خیرات کے میدان میں نمایاں ہیں۔ تاہم، بھارتی میڈیا کے مطابق، شاہ رخ خان اس حوالے سے سب سے زیادہ پیش پیش ہیں۔
شاہ رخ خان اپنی غیر منافع بخش تنظیم ‘میر فاؤنڈیشن’ کے ذریعے طبی امداد، پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور تیزاب سے متاثرہ افراد کی مدد پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ بچوں کی غذائی قلت کے خلاف مہم میں بھی حصہ لیتے ہیں اور بچوں کے ہسپتالوں کی تعمیر اور تعلیم میں بھی سرگرم ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، شاہ رخ خان کی خدمات کی پذیرائی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی ادارے یونیسکو نے انہیں 2011 میں ‘پیرامائیڈ کون مارنی ایوارڈ’ سے نوازا تھا۔ 2018 میں، ورلڈ اکنامک فورم نے بھارت میں خواتین اور بچوں کے حقوق کی وکالت کرنے پر انہیں ‘کرسٹل ایوارڈ’ دیا۔