MY HOME PAKISTAN
Home

شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بس حادثہ، 2 فوجی اہلکار اور ایک شہری جاں بحق

By

Sep 2, 2024

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں شاہراہ قراقرم پر ایک بس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی، جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق ہو گئے۔ یہ حادثہ رات کے وقت اپر کوہستان کے علاقے لوتر تھانہ داسو میں پیش آیا۔

موسم کی شدت کے باعث اتوار کی رات پورے خطے میں موسلادھار بارش ہوئی، جس سے شاہراہ قراقرم کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور سڑک کئی جگہوں پر بلاک ہو گئی۔ نادرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (نیٹکو) کی گلگت جانے والی بس بھی ان پتھروں کی زد میں آ گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) اپر کوہستان مختیار احمد نے بتایا کہ بڑے پتھروں کے گرنے سے 3 مسافر جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 فوجی اہلکار اور ایک سویلین شہری شامل ہے، جن کی لاشیں اور زخمی افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا جبکہ ایک راولپنڈی کا رہائشی تھا۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان عبدالرحمٰن نے بتایا کہ موسلادھار بارش کے باعث شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بلاک ہو گئی، جس کی وجہ سے اسلام آباد سے آنے اور جانے والے مسافر راستے میں پھنس گئے۔

خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج موسم سے متعلق اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ صوبے کے کچھ حصوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے شمالی علاقہ جات کے پہاڑی علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

Privious Article

Compare